پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ مریم نفیس خواتین پر مظالم کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔
اداکارہ مریم نفیس نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خواتین اور بچوں پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش اور دکھ کا اظہار کیا۔
ویڈیو میں مریم نفیس نے کہا کہ آج کا ہیش ٹیگ آیت نور ہے، جسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا اور کنویں میں پھینک دیا گیا۔ کل کا ہیش ٹیگ وہ نومولود بچہ تھا جسے معجزانہ طور پر بوری میں زندہ برآمد کیا گیا، اس سے پہلے 45 سالہ حنا تھی، جسے اس کے اپنے شوہر نے اپنے ہی گھر میں قتل کردیا۔ اس سے پہلے ایک 20 سالہ معذور خاتون تھی، جسے تھانے میں پولیس اہلکاروں نے زیادتی کا نشانہ بنایا، اس سے پہلے ہیش ٹیگ 18 ماہ کی ایزل کا تھا۔ کیا کوئی ان واقعات کے خلاف کچھ کر رہا ہے؟ نہیں۔
خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے مریم نفیس جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔ ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ ہیش ٹیگز تو مسلسل ٹرینڈ کرتے رہیں گے، تاہم خواتین کے خلاف ایسے سنگین جرائم میں ملوث سفاک افراد کے خلاف عملی کارروائی ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور سے 5 سالہ آیت نور لاپتہ ہوگئی تھی، پولیس کے مطابق بچی کے اغوا کے مقدمے میں متعدد مشتبہ افراد کی نشاندہی ہوئی، جن میں سے 3 کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور بعدازاں اس کی لاش ٹھکانے لگانے کا اعتراف کیا ہے۔
اس دل دہلا دینے والے واقعے پر ملک بھر میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ شہری خواتین اور بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جنسی تشدد کے واقعات پر سوال اٹھاتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
خواتین اور بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم پر متعدد شوبز شخصیات بھی آواز بلند کر چکی ہیں۔