اسلام آباد کے پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر سیاسی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کو انتہائی دلخراش اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں جاں بحق بچوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی نومولود بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔
انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کے اندوہناک واقعے پر دل افسردہ ہے اور بچوں کے والدین کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ایاز صادق نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ بچوں کے والدین کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کے لیے صبر عطا فرمائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پمز اسپتال میں آتشزدگی سے نومولود بچوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس اور غمزدہ والدین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کی اموات انتہائی تکلیف دہ اور دردناک واقعہ ہے۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ تمام اسپتالوں میں آگ بجھانے والے آلات کی موجودگی اور ان کی فعالیت یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پمز سانحے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا جاں بحق ہونا انتہائی دلخراش اور صدمے کا باعث ہے، اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم کو محسوس کرتے ہیں۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کا جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بھی پمز اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے 14 بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے واقعے کو دلخراش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کی ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پمز اسپتال میں بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے، جاں بحق بچوں کے والدین اور اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بھی پمز اسپتال میں معصوم بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور افسوس کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، ایسی صورتحال سے بچاؤ کے لیے ہر جگہ پیشگی حفاظتی انتظامات ہونے چاہئیں۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پمز اسپتال کا واقعہ شدید صدمے کا باعث ہے، قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہے، دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیر صحت سندھ عذرا فضل پیچوہو نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا جاں بحق ہونا انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پمز اسپتال واقعہ دل دہلا دینے والا ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، وزیراعظم کا نوٹس لینا کافی نہیں یہ مجرمانہ غفلت ہے، 14 نومولود کا جان سے جانا کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
برطانوی ہائی کمیشن نے بھی پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
ہائی کمیشن کے مطابق الم ناک حادثے میں کم از کم 14 بچے جاں بحق ہوئے، بچوں کی اموات کی خبر دل دہلا دینے والی ہے، مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں بچوں کے والدین کے ساتھ ہیں۔