بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن جنہیں رکشا بندھن کے اشتہار میں لباس کے انتخاب پر تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، اب انھوں نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ تہوار کی اصل روح لباس میں نہیں بلکہ ان جذبات اور اقدار میں ہوتی ہے جو انسان اپنی روایات سے وابستہ رکھتا ہے۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر کریتی سینن نے لکھا، تہواروں کی اصل روح ان کپڑوں میں نہیں ہوتی جو آپ پہنتے ہیں، بلکہ ان جذبات اور معنوں میں ہوتی ہے جو آپ اپنی روایات کے لیے اپنے دل میں رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ رکشا بندھن تحفظ کے رشتے کا نام ہے۔ میری بہن اور میں ایک دوسرے کو راکھی باندھتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ ہم ایک دوسرے کی اتنی ہی حفاظت کر سکتے ہیں جتنی ایک بھائی کر سکتا ہے۔ ہم ایک دوسرے کی صحت، خوشی اور لمبی عمر کے لیے دعا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم خواتین کو یہ بتانا کب بند کریں گے کہ انہیں کیا پہننا چاہیے؟ وقت کے ساتھ روایتی فیشن میں بہت تبدیلی آئی ہے، لیکن پھر بھی کسی عورت کی اپنی ثقافت سے وابستگی اور عزت کو صرف اس کے لباس سے ناپا جاتا ہے۔ ثقافت اور روایات اس کے دل میں ہوتی ہیں، اس کی گردن کے لباس میں نہیں۔
کریتی حال ہی میں زیورات کے ایک برانڈ کے اشتہار میں نظر آئیں، جس میں وہ اپنے آن اسکرین بھائی کو راکھی باندھتی دکھائی دیتی ہیں۔اس اشتہار پر سوشل میڈیا کے بعض صارفین نے کریتی کے لباس کو نامناسب قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔ تاہم، کریتی کے مداح بھی ان کے دفاع میں سامنے آئے اور انہوں نے اداکارہ پر ہونے والی تنقید کو دہرے معیار سے تعبیر کیا۔
اس تنازع کے دوران بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ اور ہر معاملے میں ٹانگ اڑانے والی اداکارہ کنگنا رناوت نے بھی کریتی کے لباس پر تنقید کی۔
جہاں تک کام کا تعلق ہے تو کریتی سینن آخری بار ہدایتکار ہومی اداجانیا کی فلم کاک ٹیل 2 میں نظر آئی تھیں۔ فلم نے باکس آفس پر مناسب کارکردگی دکھائی، تاہم اسے ناقدین اور ناظرین کی جانب سے ملا جلا ردِعمل ملا۔ اس میں شاہد کپور اور رشمیکا مندانا نے بھی مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔