صبح کے وقت ایک کپ لیموں کا رس پینا اکثر جسم سے زہریلے مواد کے اخراج یا وزن کم کرنے کا ایک آسان طریقہ سمجھا جاتا ہے لیکن حقیقت میں اس کے فوائد محدود ہیں اور اگر اسے بہت زیادہ استعمال کیا جائے تو دانتوں اور نظامِ ہاضمہ پر منفی اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
لیموں میں وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے یو ایس فوڈ ڈیٹا سینٹرل کے مطابق 100 گرام لیموں میں تقریباً 53 ملی گرام وٹامن سی ہوتا ہے، جو میٹابولزم کو سپورٹ کرتا ہے اور خلیوں کو آکسیڈیٹو اسٹریس سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔ انہی خصوصیات کی وجہ سے بہت سے لوگ لیموں کے رس کو جسم کی صفائی، وزن میں کمی اور صاف جلد کے لیے مفید سمجھتے ہیں لیکن اس حوالے سے سائنسی شواہد قائل کرنے والے نہیں ہیں۔
ویت نام کے ملٹری اسپتال 175 کی ڈپٹی ہیڈ آف نیوٹریشن ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر بوئی تھی ڈوئن لیموں کے رس کو ڈیٹاکس یا وزن کم کرنے کا مؤثر طریقہ قرار نہیں دیتیں۔ ان کے مطابق صبح لیموں کا رس پینے کے بنیادی فوائد رات بھر کی نیند کے بعد جسم میں پانی کی کمی پوری کرنا اور وٹامن سی کی معمولی مقدار حاصل کرنا ہے۔
لیموں کا رس جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے، لیکن یہ ڈیٹاکس یا وزن کم کرنے کا ثابت شدہ طریقہ نہیں ہے۔ اس سے ممکنہ فائدہ اس صورت میں ہو سکتا ہے جب اسے ببل ٹی یا دیگر زیادہ شکر والے مشروبات کی جگہ استعمال کیا جائے۔
کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ تیزابی مشروبات نظام ہاضمہ کو متحرک کرتے ہیں، تاہم ڈاکٹر ڈوین کے مطابق یہ اثر ہر شخص میں یکساں نہیں ہوتا۔ امریکن ڈینٹل ایسوسی ایشن کے مطابق لیموں کے رس جیسے تیزابی مشروبات کا بار بار استعمال دانتوں کی بیرونی حفاظتی تہہ، یعنی اینامل کو نقصان پہنچا سکتا ہے، خاص طور پر اگر اسے مناسب مقدار میں پانی کے ساتھ نہ ملایا جائے یا منہ اور دانتوں کی مناسب صفائی کا خیال نہ رکھا جائے۔
اس کے علاوہ، گیسٹرائٹس یا ایسڈ ریفلیکس جیسے مسائل میں خالی پیٹ لیموں کا رس پینا معدے میں جلن اور بے آرامی کا باعث بن سکتا ہے۔ انھوں نے مشورہ دیا کہ لیموں کا رس پانی میں ملا کر پیا جائے، مثلاً آدھے لیموں کو 200 سے 300 ملی لیٹر پانی میں شامل کیا جا سکتا ہے اور اس میں زیادہ چینی شامل نہ کی جائے۔ اسٹرا کے ذریعے پینا یا بعد میں سادہ پانی سے منہ دھونا دانتوں کے اینامل کو محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔ جن لوگوں کو معدے کے مسائل ہیں، انہیں خاص احتیاط کرنی چاہیے۔
صحت کا دارومدار کسی ایک غذا یا معمول پر نہیں ہوتا۔ سب سے اہم متوازن غذا، مناسب اوقات میں کھانا اور مجموعی طور پر صحت مند طرز زندگی اپنانا ہے۔ فوری حل تلاش کرنے کے بجائے بائیالوجیکل کلاک کے مطابق کھانے کی عادت اپنائیں۔ دن بھر اپنی توانائی کی ضرورت کو مناسب انداز میں تقسیم کریں اور رات کے بجائے دن میں زیادہ توانائی حاصل کرنے کو ترجیح دیں۔ سبزیوں اور معیاری پروٹین کو غذا کا حصہ بنائیں، چینی اور پراسیس شدہ غذاؤں کے استعمال کو محدود کریں۔