پاکستان آئیڈل کی ونر حرا قیصر فیصل آباد میں اپنے گھر پہنچیں تو ان کے شوہر نے بھنگڑے ڈالے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
حرا قیصر کا فیصل آباد میں شاندار استقبال کیا گیا۔ جیسے ہی ان کی جیت کا اعلان کیا گیا، سب کے چہرے خوشی سے دمک اٹھے۔ سنیما میں خصوصی اسکریننگ کا انتظام کیا گیا۔
استاد راحت فتح علی خان کے ساتھ بیٹھ کر حرا قیصر نے پاکستان آئیڈل کا فائنل دیکھا، تقریب کا اہتمام ای ایم آئی کے ڈائریکٹر تنویر آفریدی نے کیا تھا۔
اس موقع پر پاکستان آئیڈل کے ڈائریکٹر ندیم جے نے کراچی سے خصوصی شرکت کی۔ شو کے دوران حال بار بار تالیوں سے گونجتا رہا۔
پاکستان آئیڈل کا تاج اپنے سر پر سجانے والی حرا قیصر کو پولیس پروٹوکول میں ان کے گھر تک پہنچایا گیا۔ اس موقع پر فیصل آباد کے رہنے والوں نے پاکستان کی آواز کا بھر استقبال کیا۔
نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے استاد راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ حرا قیصر نے پاکستان آئیڈل کا ٹائٹل جیت کر فیصل آباد والوں کا دل خوش کردیا، میں حرا کے لیے دعا گو ہوں کہ یہ مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کرے۔
اس موقع پر حرا قیصر نے جنگ کو بتایا کہ سب کی دعاؤں سے جیت میرا مقدر بنی۔ پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنا چاہتی ہوں۔