یوکرین جنگ میں برطانیہ کی حمایت کے معاملے پر روس اور برطانیہ کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی جس کے نتیجے میں روس نے لندن میں اپنے سفیر آندرے کیلِن کو واپس بلا لیا۔
روسی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ آندرے کیلِن اب برطانیہ میں سفیر کے عہدے پر موجود نہیں ہیں۔
آندرے 21 جولائی کو اپنا عہدہ چھوڑ چکے ہیں تاہم ماسکو نے تاحال ان کا متبادل نامزد نہیں کیا۔
فی الحال روسی سفارت خانے کی سربراہی ناظم الامور کر رہے ہیں۔
روسی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ روس اور برطانیہ کے تعلقات تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں اور اس کی ذمے داری لندن پر عائد ہوتی ہے تاہم سفیر کی واپسی کا مطلب دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات ختم کرنا نہیں ہے۔
برطانوی دفترِ خارجہ نے روسی سفیر کی واپسی کو روسی وزارتِ خارجہ کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ ماسکو میں اپنے سفیر اور سفارت خانے کے ذریعے روسی حکومت سے رابطے جاری رکھے گا۔