ایشین کرکٹ کونسل کے انتخابات میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے بھارتی حمایت یافتہ پینل کو شکست دے دی۔
بنکاک میں ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ جنرل اجلاس میں اے سی سی بورڈ میں ڈائریکٹرز کی 3 نشستوں کے لیے انتخابات ہوئے۔ جس میں پاکستان اور بھارت کے حمایت یافتہ پینلز آمنے سامنے تھے۔
ذرائع کے مطابق کانٹے دار مقابلے میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل کے تینوں امیدوار کامیاب ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق اے سی سی صدر محسن نقوی کی قیادت میں پاکستان کے حمایت یافتہ کامیاب پینل میں قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے شامل تھے۔
اے سی سی کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے تینوں نشستیں حاصل کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس تاریخی کامیابی کو صدر اے سی سی محسن نقوی کی بڑی کامیابی اور ایشین کرکٹ کونسل میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں اگلے سال بنگلادیش میں ہونے والے ایشیا کپ کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا،جس کے لیے 3 وینیوز سلہٹ، میرپور اور چٹوگرام کی تجویز دی گئی۔
اجلاس میں دبئی میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ کی تیاریوں اور انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں بھارت کی نمائندگی راجیو شکلا نے کی۔