پاکستانی شوبز کے معروف ستارے صبا قمر اور یاسر حسین کی قوالی نائٹ میں بھرپور انجوائے منٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
وائرل ویڈیو میں دونوں فنکار قوالی کی محفل میں محو دکھائی دے رہے ہیں، جہاں وہ موسیقی کے علاوہ رقص اور گانے سے لطف اندوز ہوتے ہوئے نظر آئے۔
محفل کی رونق اس وقت مزید بڑھ گئی جب استاد نصرت فتح علی خان کی شہرۂ آفاق صوفیانہ قوالی ’تیرے بن نہیں لگدا دل میرا ڈھولنا‘ پیش کی گئی، معروف قوالی نے محفل میں روحانی اور یادگار رنگ بھر دیا۔
ویڈیو میں صبا قمر گہرے میرون رنگ کی خوبصورت میکسی میں نظر آئیں، جبکہ یاسر حسین نے گہرے سیاہ رنگ کا مشرقی لباس زیب تن کر رکھا تھا۔
قوالی نائٹ کے لیے سجایا گیا مقام بھی خاص توجہ کا مرکز بنا رہا، جہاں چھت کو سیکڑوں ننھی سفید لائٹس سے سجایا گیا تھا، جو تاروں بھرے آسمان کا منظر پیش کر رہی تھیں، ہلکی سنہری روشنی اور پھولوں کی سجاوٹ نے محفل کے ماحول کو مزید دلکش بنا دیا۔
صبا قمر اور یاسر حسین نے تقریب میں کسی رسمی انداز کے بجائے بے تکلف اور خوش گوار انداز میں شرکت کی اور موسیقی سے بھرپور لطف اٹھایا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں نے دونوں فنکاروں کی خوش مزاجی، بے ساختہ انداز اور باہمی کیمسٹری کو خوب سراہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے قوالی کی اس یادگار محفل کی ویڈیو کو بھی پسند کیا ہے۔