اقوامِ متحدہ نے یمن سے حوثی گروپ کے سعودی عرب پر حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی تنازع بڑھنے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ حملوں سے یمن کا وسیع تر علاقائی محاذ آرائی میں مزید الجھنے کا خطرہ ہے۔
اسٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ تجارت اور توانائی کی ترسیل جیسی مشکلات کا بھی شکار ہے، بحری جہاز رانی کے خلاف حملے اور دھمکیاں بند ہونی چاہئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بحیرۂ احمر اور خلیجِ عدن میں جہاز رانی کی آزادی برقرار رکھی جانی چاہیے، فریقین شہریوں اور بنیادی شہری تنصیبات کے تحفظ کا خیال رکھیں۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے سعودی عرب پر یمنی حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی مذمت کی تھی۔