پاکستان تحریک انصاف فرانس کے منتخب عہدیداران کا ایک ہنگامی اور اہم اجلاس سینئر رہنما چوہدری اشفاق جٹ کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی امور، تنظیمی معاملات اور مختلف ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے دوران باہمی مشاورت سے پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ بہت جلد پی ٹی آئی فرانس کے منتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری منعقد کی جائے گی جس میں پارٹی کے تمام کارکنان کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
اجلاس میں پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کی حالیہ میڈیکل رپورٹس پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکائے اجلاس نے سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو فوری علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کے فیصلے کو انصاف کی ایک کرن قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو ان کے بنیادی اور قانونی حق کے مطابق فوری طور پر مکمل، معیاری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
اجلاس کے شرکاء نے واضح کیا کہ عمران خان کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں، ان کا بروقت علاج، مناسب طبی نگہداشت اور بہترین طبی سہولیات ان کا بنیادی حق ہیں، جسے ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔
پی ٹی آئی فرانس کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔