انٹرٹینمنٹ کے شائقین کیلئے بڑی خبر ہے کہ محبت، جذبات، رشتوں اور آزمائشوں کے گرد گھومنے والی مقبول ڈرامہ سیریل ”ہمراہی“ کا یادگار سفر اپنے اختتام کی جانب بڑھتے ہوئے ایک منفرد مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔
جیو اور بابر جاوید کی پیشکش ڈرامہ سیریل ”ہمراہی“ کی ”آخری قسط“ ہفتے کو سنیما کے بڑے پردے پر دکھائی جائے گی۔ سیریل کی کامیابی میں اس کی مضبوط کہانی، جذبات سے بھرپور مناظر، مؤثر مکالموں اور جاندار کرداروں نے اہم کردار ادا کیا۔
زنجبیل عاصم نے ڈرامے کی کہانی کو اس انداز میں قلم بند کیا کہ رشتوں کی پیچیدگی، محبت کی شدت اور جذباتی کشمکش ناظرین کو مسلسل اپنی طرف متوجہ رکھتی رہی جبکہ معروف ہدایتکار بابر جاوید نے اپنی ہدایات کے ذریعے کرداروں اور واقعات کو اس خوبصورتی سے اسکرین پر پیش کیا کہ ڈرامہ ابتدا ہی سے شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
سیریل میں دانش تیمور اور حبا بخاری کی جوڑی نے بطور مرکزی کردار ادا کرکے جان ڈال دی۔ دونوں فنکاروں کے درمیان محبت، قربت، جدائی اور جذبات کے مختلف رنگوں کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔
ان کے ساتھ لیلیٰ واسطی، شہزاد نواز، ایوب کھوسہ، ندا ممتاز، عدنان شاہ، ٹیپو، اظفر رحمان، حاجرہ یامین، عاریزاور دیگر فنکاروں نے بھی اپنے کرداروں کو بھرپور انداز میں نبھایا۔
ڈرامے کی مقبولیت صرف ٹی وی اسکرین تک محدود نہیں رہی بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ”ہمراہی“ کے کرداروں، کہانی اور مختلف مناظر پر شائقین کی جانب سے مسلسل گفتگو ہوئی۔
”ہمراہی“ کی ایک اور نمایاں خوبی اس کا ”او ایس ٹی“بھی رہا جس نے ڈرامے کے جذباتی ماحول کو مزید گہراکردیا تھا۔
جمیل احمدکی شاعری کو محمد علی کی آواز نے اثر انگیز بنایا جبکہ فرخ عابد اور شعیب فرخ کی کمپوزیشن نے اس ڈرامے کے گیت کو ایک منفرد رنگ میں ڈھال دیا۔
”ہمراہی“ کی کہانی اپنے فیصلہ کن موڑ سے گزر کر اب اختتام کی طرف پہنچ گئی ہے، شائقین کیلئے سب سے بڑا سوال کہانی کے انجام کو دیکھنا ہے، سنیما میں آخری قسط کی خصوصی نمائش اس ڈرامے کی مقبولیت ایک بڑے اور یادگار تجربے میں تبدیل ہونے جارہی ہے۔
”ہمراہی“ کی آخری قسط اب یہ طے کرے گی کہ محبت کی اس داستان کا اختتام کس انداز میں ہوتا ہے۔ آخری قسط ہفتے کی شب 8 بجے ”جیو ٹی وی“ پر بھی نشر کی جائے گی۔