بھارتی ریاست مہاراشٹر کے اینٹی ٹیررازم اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر ایک بڑے بین الریاستی ڈرگ ریکٹ کا سراغ لگایا۔ اس دوران ممبئی اور اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا سے 9.4 کروڑ بھارتی روپے (27 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کی مالیت کی منشیات برآمد کی گئی۔
پولیس کے مطابق سب سے پہلے ممبئی کے علاقے باندرہ سے 2 کلو سے زائد منشیات برآمد کر کے اسرائیلی شہری کو گرفتار کیا گیا۔
دورانِ تفتیش گرفتار اسرائیلی ملزم نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یہ منشیات گریٹر نوئیڈا میں قائم ایک فیکٹری سے خریدتا تھا۔
اس اطلاع پر اے ٹی ایس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوئیڈا کی فیکٹری پر چھاپہ مارا، جہاں سے مزید کروڑوں کی منشیات اور اسے تیار کرنے والا کیمیائی مواد اور سامان برآمد کر لیا گیا۔
دوسری جانب اس کارروائی سے چند روز قبل ہی بھارتی ریاست میزورم میں بھی حکام نے ایک اور بڑی کارروائی کی جہاں ایک ایمبولینس میں جعلی مریضہ بن کر سفر کرنے والی خاتون اور اس کے ساتھیوں سے 45 کروڑ روپے کی منشیات کی ٹیبلٹس برآمد کی گئیں۔
حکام کے مطابق ایمبولینس اور ملزمان کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔