پاکستانی گلوکار اور نغمہ نگار ثبات باطن نے نکاح کر لیا، جس کی خوش خبری انہوں نے سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کر کے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔
ثبات باطن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نکاح کی تقریب کی چند تصاویر پوسٹ کیں، جن میں وہ اور ان کی دلہن میرون اور رسٹ رنگ کے روایتی ملبوسات میں نظر آئے۔
تصاویر میں دونوں نے سبزہ زار میں فوٹو شوٹ کروایا، تاہم آن لائن شیئر کی گئی تصویر میں دلہن کے چہرے کو سن فلاور ایموجی سے چھپایا گیا ہے۔
گلوکار کی جانب سے نکاح کی خبر شیئر کیے جانے کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
گلوکارہ نمرہ مہرہ نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ماشاء اللّٰہ! مبارک ہو ثبات جبکہ ماڈل صحیفہ جبار نے دل والے ایموجی کے ذریعے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اداکار و گلوکار عاشر وجاہت نے بھی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ہے ماشاء اللّٰہ میرا بھائی، بہت مبارک دونوں کو۔
ثبات باطن کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ پنجابی، اردو اور ہندی موسیقی کے امتزاج کے لیے جانے جاتے ہیں، انہیں برطانوی پنجابی ریپر ریک اسٹار کے ساتھ گائے گئے گانے ’گَل سُن‘ سے خاصی شہرت ملی۔
’گَل سُن‘ نے بھارت میں پاکستانی مواد پر پابندیوں کے باوجود وہاں بھی خاصی مقبولیت حاصل کی اور اسپاٹیفائی انڈیا کے چارٹس پر 62 ویں نمبر تک پہنچا، جبکہ اپنی مقبولیت کے عروج پر اسے ہفتہ وار 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد مرتبہ اسٹریم کیا گیا۔
ثبات باطن کے دیگر معروف گانوں میں ریک اسٹار کے ساتھ ’اعتبار‘، ’وے سجنا‘، ’بلبل‘، ’دنیا جال‘ اور ’یاد رہی‘ شامل ہیں۔