فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فرانس کے زیرِ اہتمام بانئ پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کے مطالبے کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرہ پیرس کے معروف پلاس ریپبلک میں ہوا، جس میں فرانس میں مقیم پاکستانیوں، پی ٹی آئی کارکنان، رہنماؤں اور عمران خان کے حامیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرے کے دوران شرکاء نے بانئ پی ٹی آئی کے حق میں اور موجودہ حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بانئ پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انہیں بنیادی انسانی و قانونی حقوق سے محروم رکھنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
اس موقع پر مقررین نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کی موجودہ صورتِ حال کا فوری نوٹس لیں اور بانئ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
مقررین کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کو طویل عرصے سے اپنے اہلِ خانہ، وکلاء اور دیگر متعلقہ افراد سے ملاقات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے، ان کے مطابق ہر قیدی کو آئین اور قانون کے تحت بنیادی حقوق حاصل ہیں، جن کی مکمل پاسداری ہونی چاہیے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیے گئے تمام افراد کو فوری طور پر ان کے قانونی اور آئینی حقوق فراہم کیے جائیں اور انہیں شفاف و منصفانہ قانونی کارروائی کا حق دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جن افراد کے خلاف جرم ثابت نہیں ہوا، انہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔
پی ٹی آئی فرانس کے رہنماؤں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بانئ پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی قیدیوں کے معاملے کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے اور اس وقت تک اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے جب تک پاکستان میں قانون، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کی مکمل بحالی نہیں ہوتی۔
احتجاج کے اختتام پر شرکاء نے بانئ پی ٹی آئی کی فوری رہائی، تمام سیاسی قیدیوں کے بنیادی حقوق کی بحالی اور پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی کے حق میں نعرے بلند کیے۔