کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ سے متعلق وزیر دفاع خواجہ آصف کا رد عمل سامنے آگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ لگتا ہے ابتدائی رپورٹ میں سوالات کے جواب آرہے ہیں، اب سوال یہ ہیں کون پوسٹ مارٹم بورڈ کو بدلنے کی پشت پناہی کر رہا ہے یا تھا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کہیں نئی رپورٹ پر تو کوئی اثر انداز نہیں ہوگا اور انصاف کے تقاضوں کو کون پورا کرے گا؟
خیال رہے کہ کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات جیو نیوز نے حاصل کرلیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی تھی، میر رضا کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پولیس سرجن کے اٹھائے تمام 14 سوالات کا جواب ابتدائی رپورٹ میں مل گیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) سمیع اللّٰہ سومرو کا کہنا ہے کہ میر رضا کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ سے آگاہ نہیں کیا گیا، رپورٹ سے متعلق اب تک رابطہ نہیں کیا گیا۔