بھارتی اداکارہ اکانکشا چمولا نے اپنے انسٹاگرام یوزرنیم کی تبدیلی کے لیے میٹا انڈیا سے مدد مانگ لی ہے، جو ان کے شوہر گورو کھنہ کے نام سے منسلک ہے۔
36 سالہ اداکارہ نے حال ہی میں ریئلٹی شو لاک اپ: سچ یا سزا میں شرکت کی، انکا کہنا ہے کہ وہ گورو کھنہ سے طلاق لے رہی ہیں اور انھیں بچے پیدا کرنے کی خواہش نہیں۔
ان کے اس انکشاف سے بہت سے لوگ حیران ہوئے کیونکہ انہوں نے پہلی بار ذاتی زندگی کو ڈسکس کیا تھا۔
شو کے فائنل ہفتے میں وہ مقابلے سے باہر ہو گئیں، اب انہوں نے بتایا ہے کہ وہ کئی بار اپنے انسٹاگرام کا یوزر نیم جو گورو کے نام سے منسلک ہے، تبدیل کرنے کی کوشش کر چکی ہیں مگر کامیاب نہیں ہو سکیں۔
اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر انھوں نے لکھا میں اپنے انسٹاگرام یوزرنیم کی تبدیلی کے لیے میٹا انڈیا سے فوری مدد کی درخواست کر رہی ہوں۔ ویریفکیشن سے متعلق موجودہ پابندیوں کی وجہ سے متعدد کوششوں کے باوجود یوزرنیم تبدیل نہیں ہوا۔ براہِ کرم میری درخواست کا جائزہ لیں اور اس مسئلے کے ممکنہ حل سے آگاہ کریں۔
اکانکشا چمولا نے سنتوشی ماں، یہ ہے عاشقی اور کرائم پیٹرول جیسے مقبول ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کی ہے۔ ان کی اور گورو کھنہ کی شادی نومبر 2016 میں کانپور میں ہوئی تھی۔ دونوں کی ملاقات ایک آڈیشن کے دوران ہوئی، جہاں دوستی محبت میں بدل گئی۔
لاک اپ: سچ یا سزا میں اکانکشا نے بتایا کہ وہ اور گورو کھنہ گزشتہ ایک سال سے علیحدہ رہ رہے ہیں اور اب طلاق لے رہے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ میرے اور گورو کے درمیان تعلقات خراب نہیں ہیں، ہم آج بھی ایک دوسرے سے بات کرتے ہیں، لیکن ہمیں احساس ہوا کہ ہم بطور شریکِ حیات ایک دوسرے کے لیے موزوں نہیں کیونکہ ہم دونوں مستقبل کو مختلف انداز میں دیکھتے ہیں۔
اکانکشا نے یہ بھی بتایا کہ وہ ماں نہیں بننا چاہتیں کیونکہ ان کے بقول ان میں ماں والے جذبات موجود نہیں ہیں، 99 فیصد لوگ شادی بچوں کی تمنا میں کرتے ہیں۔ گورو کی خواہش غلط نہیں ہیں۔ لیکن میری ایسی کوئی خواہش نہیں۔