سابق پاکستانی کرکٹر اور ’بوم بوم‘ کے نام سے مشہور شاہد آفریدی نے ایک بار پھر سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقوں کی صفائی کا خیال رکھیں اور قدرتی حسن کو صاف ستھرا اور سرسبز رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
شمالی علاقوں کے دورے کے دوران شاہد آفریدی نے سیاحوں سے کہا کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ علاقے کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوں، تاہم ریپرز اور کھانے پینے کی استعمال شدہ اشیا وہاں پھینکنے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے دیگر افراد کو بھی کوفت ہوتی ہے۔
شاہد آفریدی نے صرف صفائی کا درس دینے کے بجائے خود بھی وہاں موجود کچرا اٹھایا اور اسے کچرے کے بیگ میں ڈال دیا۔
سابق کرکٹر نے مقامی بچوں اور رہائشیوں کے ساتھ وقت بھی گزارا، جنہوں نے کرکٹ لیجنڈ کا پرتپاک استقبال کیا۔
بچوں سے گفتگو کے دوران شاہد آفریدی نے ان سے خصوصی وعدہ کیا کہ 14 اگست، پاکستان کے یومِ آزادی سے قبل ان کے لیے ایک مناسب کرکٹ پچ تعمیر کروائیں گے۔
علاقے کی ماحولیاتی ضروریات پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے مناسب طریقے سے کچرا ٹھکانے لگانے کی سہولتوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں بڑے سیاحتی مقامات پر کچرے کے ڈبے رکھنے کا انتظام کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں تاکہ سیاح قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوں اور وہاں کچرے کے ڈھیر نہ چھوڑیں۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی پاکستان کرکٹ کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، وہ جارحانہ بیٹنگ، آل راؤنڈ کارکردگی اور چھکے لگانے کی صلاحیت کے باعث خاص شہرت رکھتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے 1996ء سے 2018ء تک پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیلی۔
کرکٹ سے دوری اختیار کرنے کے بعد بھی ان کی مقبولیت برقرار رہی اور وہ فرنچائز کرکٹ، ٹیلی ویژن پروگرامز، فلاحی سرگرمیوں اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ذریعے سماجی کاموں میں سرگرم رہتے ہیں۔