بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت کے پاکستان میں آبائی گھر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
سنجے دت کا پاکستان سے بھی ایک گہرا تعلق ہے، ان کے والد اور معروف اداکار سنیل دت کا تعلق پاکستان سے تھا، جہاں وہ ضلع جہلم کے گاؤں نارا کھڈہ میں پیدا ہوئے تھے۔
سنجے دت کئی تنازعات اور قانونی مشکلات کے باوجود بالی ووڈ میں کامیاب کیریئر بنانے میں کامیاب رہے اور پاکستان میں بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے، ان کے والد سنیل دت اور والدہ نرگس دت بھی اپنے دور کے مقبول فلمی ستارے تھے۔
سنجے دت ماضی میں بتا چکے ہیں کہ میرے والد کی خواہش تھی کہ وہ ایک مرتبہ اپنے آبائی گھر اور علاقے کا دورہ کریں۔
انٹرویو میں سنجے دت نے خود بھی پاکستان آ کر اس گاؤں جانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
اسی حوالے سے پاکستانی انفلوئنسر سمیل عاطف نے سنجے دت کے آبائی گھر کو تلاش کیا اور وہاں جا کر گھر کی موجودہ حالت کی ویڈیو بنائی، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ دت خاندان کا آبائی گھر آج کس حالت میں موجود ہے۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے سنجے دت اور ان کے خاندان کے لیے محبت اور جذبات کا اظہار کیا ہے۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ تقسیم سے پہلے ہم سب ایسے ہی تو تھے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ بہت خوبصورت، جبکہ دیگر صارفین نے بھی ویڈیو کو سراہتے ہوئے اسے حیرت انگیز اور جذباتی قرار دیا ہے۔