وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق نائب گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشال اور وزیرِ زراعت عبدالرحمان بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
پاکستانی سفیر احمد فاروق اور اعلیٰ سفارتی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد کے ساتھ ملاقات کریں گے، جس میں خطے کی صورت حال اور دونوں ملکوں کی شراکت داری مزید مضبوط کرنے پر تبادلۂ خیال ہوگا۔
تین روزہ دورے کے دوران وزیراعظم عمرہ ادا کریں گے، مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار پہلے سے سعودی عرب میں موجود ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ علاقائی امن، سفارتی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے فروغ کے لیے دورہ اہم ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کو امید ہے آبنائے ہرمز پر اتفاقِ رائے سے اسلام آباد مفاہمتی فریم ورک پر عمل آگے بڑھے گا اور ایران امریکا مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی۔