بھارتی وزیر برائے سول ایوی ایشن رام موہن نائیڈو نے کہا ہے کہ پھوکٹ سے دہلی آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز تقریباً 4 سے 5 منٹ تک شدید فضائی جھٹکوں کا شکار رہی جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہوئے۔
رام موہن نائیڈو کے مطابق زخمیوں میں بعض فضائی میزبانوں کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے نچلے حصے پر چوٹیں آئیں جبکہ 4 فضائی میزبان اب بھی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
پرواز میں زخمی ہونے والے 13 مسافروں کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا کا ایئر بس A320 نیو طیارہ 137 مسافروں اور 8 رکنی عملے کو لے کر پھوکٹ سے دہلی جا رہا تھا جہاں لینڈنگ سے تقریباً 1 گھنٹہ قبل اسے شدید فضائی جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑا۔
رام موہن نائیڈو نے زخمی عملے کو سراہتے ہوئے کہا کہ چوٹیں لگنے کے باوجود عملے نے طیارے کی محفوظ لینڈنگ تک تقریباً 1 گھنٹے تک اپنی ذمے داریاں انجام دیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ نے طیارے کا فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر تحویل میں لے کر جانچ شروع کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سول ایوی ایشن کے وزیر نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق عوام کے سامنے لائیں جائیں گے۔