جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے معروف اوئینو پارک میں پاک جاپان فرینڈشپ فیسٹیول 2026ء کا شاندار افتتاح کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں جاپان اور پاکستان کی اہم شخصیات، سفارتی حکام، پاکستانی کمیونٹی اور جاپانی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح جاپان کے پارلیمانی نائب وزیر خارجہ شیمادا توموآکی، ٹوکیو میٹروپولیٹن اسمبلی کے رکن ہیرویوکی ناکایاما اور جاپان میں پاکستان کے ناظم الامور حسین حیدر نے مشترکہ طور پر کیا۔
اپنے خطاب میں پارلیمانی نائب وزیر خارجہ شیمادا توموآکی نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط اور ثقافتی تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔
انہوں نے ایکسپو 2025ء اوساکا، کانسائی کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورۂ جاپان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کی مختلف سرگرمیوں، بالخصوص جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ناظم الامور حسین حیدر نے کہا کہ پاک جاپان فرینڈشپ فیسٹیول دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی، عوامی روابط اور خیرسگالی کو فروغ دینے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
انہوں نے جاپانی حکومت، منتظمین اور پاکستانی کمیونٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام دونوں اقوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لاتے ہیں۔
اس فیسٹیول کی کامیابی کے پس منظر میں جاپان میں مقیم معروف کاروباری و سماجی شخصیات رمضان صدیق اور شاکر علی کی انتھک محنت اور مسلسل کاوشیں نمایاں ہیں۔ دونوں شخصیات پورا سال اس بین الاقوامی ایونٹ کی منصوبہ بندی، رابطوں اور انتظامات میں مصروف رہتی ہیں، جس کے نتیجے میں ہر سال یہ فیسٹیول نہایت کامیابی سے منعقد ہوتا ہے۔
لاکھوں جاپانی شہری اس میلے میں شرکت کر کے پاکستان کی ثقافت، روایتی موسیقی، دستکاری، قومی ملبوسات اور لذیذ پاکستانی کھانوں سے روشناس ہوتے ہیں۔ یہی فیسٹیول جاپانی عوام کے سامنے پاکستان کا ایک مثبت، پرامن اور خوبصورت تشخص اجاگر کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر دوستی، باہمی اعتماد اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ہر سال منعقد ہونے والے اس فیسٹیول میں پاکستان کی ثقافت، لوک موسیقی، روایتی رقص، دستکاری، سیاحتی مواقع اور قومی کھانوں کی بھرپور نمائش کی جاتی ہے، جبکہ جاپانی شہری بھی بڑی دلچسپی سے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔
منتظمین کے مطابق پاک جاپان فرینڈشپ فیسٹیول دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، خیرسگالی اور باہمی احترام کی ایک خوبصورت علامت بن چکا ہے اور آنے والے برسوں میں بھی یہ سلسلہ اسی جوش و جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔