تامل اداکار روی موہن اور ان کی اہلیہ آرتی شرما کی 15 سالہ شادی کے بعد طلاق کا معاملہ قانونی اور میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
آرتی کی جانب سے گزر بسر کیلئے 40 لاکھ روپے ماہانہ کی درخواست کو چنئی کی فیملی کورٹ نے مسترد کردیا، جس کے بعد آرتی کی والدہ نے پریس کانفرنس کر کے اس رقم کی حقیقت بیان کردی۔
چنئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروڈیوسر سجاتا نے وضاحت کی، ’آرتی نے یہ 40 لاکھ روپے صرف اپنے لیے نہیں مانگے۔ روی کی وجہ سے خاندان پر بھاری قرضے ہیں اور بینک نے ضبطی کے نوٹس بھی جاری کر رکھے ہیں۔ بچوں کے امریکن اسکول کی سالانہ فیس ہی 86 لاکھ روپے ہے، جسے ادا کرنے کے لیے یہ رقم درکار تھی۔‘
انہوں نے ان خبروں کی بھی تردید کی کہ آرتی روی کو بچوں سے ملنے نہیں دے رہی، بلکہ ان کے بقول آرتی نے خود عدالت سے رجوع کیا تھا تاکہ روی بچوں سے مل سکیں۔
چنئی کی فیملی ویلفیئر کورٹ نے آرتی کا 40 لاکھ روپے کا مطالبہ رد کرتے ہوئے روی موہن کو حکم دیا ہے کہ وہ مقدمے کے اختتام تک آرتی کو 3 لاکھ روپے ماہانہ اور بچوں کے اخراجات کا حصہ ادا کریں، نیز روی کو بچوں سے ملنے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔