بالی ووڈ اداکار سونو سود نے کنگنا رناوت کے ’جنریشن گٹر‘ پر مبنی بیان کو انتہائی شرمناک قرار دے دیا۔
سونو سود کا کہا کہ بولنے سے پہلے سوچنا چاہیے کہ کیا بول رہے ہیں۔
بالی ووڈ اداکار نے متنازع بیانات دینے والی اداکارہ اور بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کے جنریشن زی (نوجوان طلبہ مظاہرین) کے بارے میں دیے گئے متنازع بیان پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا۔
سونو سود کا کہنا تھا کہ عوامی شخصیات کو اپنے الفاظ کا انتخاب انتہائی احتیاط سے کرنا چاہیے اور ان لوگوں کا احترام کرنا چاہیے جن کی حمایت انہیں کامیابی دلاتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران سونو سود سے کنگنا رناوت کے اس بیان کے بارے میں پوچھا گیا، جس میں انہوں نے مظاہرین کو جنریشن گٹر کہا تھا۔ ابتدا میں سونو نے کہا کہ انہوں نے یہ بیان نہیں سنا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایسا کہا گیا ہے تو وہ اس سے سخت اختلاف کرتے ہیں کیونکہ نوجوان ہی عوامی شخصیات کو مقام و مرتبہ دلاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی حمایت ہر اس شخص کے لیے ضروری ہے جو پبلک لائف سے وابستہ ہو۔ جب تک لوگ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ آگے بڑھتے رہیں گے۔ اگر وہ آپ کے ساتھ نہ ہوں تو کامیابی برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے، اسی لیے سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔
سونو سود نے کہا یہ بات صرف فلمی دنیا یا سیاست تک محدود نہیں بلکہ ہر شعبہ زندگی پر لاگو ہے۔ آپ اداکار ہوں، ڈاکٹر ہوں یا کچھ اور، آپ کی اہمیت اسی وقت تک ہے جب تک لوگ آپ کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب کنگنا رناوت نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر جنتر منتر اور دیگر مقامات پر ہونے والے احتجاج کی ویڈیوز پر ردعمل میں مظاہرین کی زبان اور رویے کو غلیظ قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر منشیات اور دیگر بے ہودہ الزامات عائد کیے تھے۔
ان کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی ہے، جہاں کچھ صارفین نے ان کی تنقید کی تو کچھ نے حمایت کی جبکہ اکثریت نے مظاہرین کے لیے استعمال کی گئی زبان کو نامناسب اور توہین آمیز قرار دیا۔