امریکا نے بینائی سے محرومی کے شکار افراد کے لیے ایک نئی تجرباتی جین تھراپی کے انسانی تجربات کی منظوری دے دی جس کا مقصد آنکھوں کے متاثرہ خلیوں کو دوبارہ جوان کر کے بینائی بحال کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔
اس تھراپی کو ’ای آر 100‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے ذریعے آنکھ کے متاثرہ خلیوں میں 3 مخصوص جینیاتی عوامل داخل کیے جاتے ہیں تاکہ عمر بڑھنے سے پیدا ہونے والے اثرات کو کم کر کے خلیوں کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
ای آر 100 تھراپی کے ابتدائی تجربات گلوکوما اور آنکھ کے فالج سے متاثرہ مریضوں پر کیے جا رہے ہیں، مریضوں کو ایک انجکشن کے ذریعے علاج دیا جاتا ہے جبکہ 8 ہفتوں تک ایک مخصوص دوا بھی استعمال کروائی جاتی ہے تاکہ علاج میں شامل جینز کی سرگرمی کو قابو میں رکھا جا سکے۔
مریضوں کو اس تھیراپی کی خوراکیں جون 2026ء سے دینا شروع کی گئی تھیں، ابتدائی طور پر حفاظت کے حوالے سے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں جبکہ بندروں پر کیے گئے سابقہ تجربات میں بھی بینائی بحال ہونے کے مثبت امکانات ظاہر ہوئے تھے۔
تحقیق کا بنیادی مرحلہ مئی 2027ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے اور ابتدائی نتائج 2026ء کے آخر میں سامنے آ سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ علاج ابھی تجرباتی مرحلے میں ہے اور اسے بینائی کی بحالی کا ثابت شدہ یا منظور شدہ علاج قرار نہیں دیا جا سکتا۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔