پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ دنانیر مبین نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا۔
دنانیر مبین کو پاکستانی فلم ’میرا لیاری‘ میں شاندار اداکاری پر دوسرے بین الاقوامی یوریشین فلم ایوارڈز ’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘ میں بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اداکارہ کی اس کامیابی کو پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
دنانیر مبین کی یہ کامیابی ناصرف ان کی اداکاری کا عالمی اعتراف ہے بلکہ پاکستانی فنکاروں کی بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی پذیرائی کی بھی عکاس ہے۔
ماسکو میں منعقدہ اس تقریب میں مختلف ممالک کی فلموں اور فنکاروں کو ان کی بہترین کارکردگی پر ایوارڈز دیے گئے۔
اس موقع پر پاکستان کی فلم انڈسٹری نے بھی عالمی سطح پر اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔
رواں سال اس بین الاقوامی فلمی مقابلے کے لیے پاکستان کی 2 فلمیں ’میرا لیاری‘ اور ’ویلکم ٹو پنجاب‘ نامزد ہوئی تھیں۔
فلم ’میرا لیاری‘ میں لیاری کی ثقافت، کھیلوں کی سرگرمیوں، مقامی روایات اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔