بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور نے ہدایتکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
44 سالہ رنبیر کپور نے اعلان کیا کہ وہ اداکاری کے اپنے موجودہ پروجیکٹس مکمل کرنے کے بعد آئندہ 2 سے 3 سالوں میں کیمرے کے پیچھے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں اداکار نے کہا کہ وہ کچھ ماہ سے ایک اسکرپٹ پر کام کر رہے ہیں، جو ان کے لیے ایک انتہائی مشکل لیکن پرجوش تجربہ ثابت ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور اداکار میرا یہ آخری دہائی کا سفر ہے، اب ہدایت کاری کی طرف قدم بڑھانا چاہتا ہوں، میں ایسی ڈرامہ فلم بنانا چاہتا ہوں جو ناظرین کو خوبصورت دل نشیں احساس دے۔
رنبیر کپور نے مزید کہا کہ وہ اپنی اس نئی منزل کی جانب بڑھنے سے پہلے اپنے تمام جاری اور طے شدہ اداکاری کے پروجیکٹس مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اپنی پہلی فلم تحریر کر رہے ہیں اور پرامید ہیں اگلے 3 سال میں اس کی شوٹنگ شروع ہوجائے گی۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ فلم لکھنا ایک مشکل تجربہ ہے، زندگی کے اس مرحلے میں میرے دل میں رائٹرز اور کہانی کاروں کا احترام مزید بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سال میں صرف 100 سے 125 دن اداکاری کرتے ہیں جبکہ باقی وقت وہ اسکرپٹ رائٹنگ اور نئے آئیڈیاز کو دیتے ہیں، میں بطور ہدایت کار اپنی فلم میں اداکاری نہیں کروں گا۔
رنبیر کپور آج کل اپنے پروجیکٹس وار لو، اینمل پارک، برہمستر 2 اور رامائنا 2 کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔