پاکستان کے سینئر اداکار خواجہ سلیم نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان نے اپنی فلموں میں میرے مقبول کرداروں اور اداکاری کے انداز کی نقل کی۔
خواجہ سلیم نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1972ء میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کیا تھا، وہ پی ٹی وی کے متعدد مقبول ڈراموں سمیت نجی ٹی وی چینلز کے ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، ان کے معروف ڈراموں میں انوکھا لاڈلہ، انگار وادی، بشر مومن، آہن، باندی اور محبت تم سے نفرت ہے شامل ہیں۔
حال ہی میں خواجہ سلیم نے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرے کرداروں اور اداکاری کے مخصوص انداز کو بھارتی فلموں میں بھی اپنایا گیا۔
امیتابھ بچن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ میرے ایک مقبول ڈرامے میں بولنے کے مخصوص انداز کی نقل بھارتی فلم ’اگنی پتھ‘ میں کی گئی، جس میں امیتابھ بچن نے وہی انداز اپنایا۔
ان کے مطابق پاکستانی اداکار بابر علی نے بھی میرے اس انداز کو اپنی اداکاری میں شامل کیا تھا، تاہم اس سے پہلے مجھ سے اجازت لی تھی۔
شاہ رخ خان کے حوالے سے خواجہ سلیم نے بتایا کہ ڈرامہ سیریل ’انگار وادی‘ میں میرا کردار میجر نو لکھا بے حد مقبول ہوا تھا، بھارتی ٹیلی ویژن نے اس ڈرامے کے مقابلے میں سیریل ’اجنبی‘ پیش کیا تھا، جس میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
خواجہ سلیم کا مزید کہنا ہے کہ میرے کردار میجر نو لکھا کی مقبولیت کے بعد شاہ رخ خان کی ایک فلم میں بھی اس کردار کی نقل کی گئی، تاہم فلم کا نام یاد نہیں۔