ماہرین کے مطابق سیب کمرے کے درجہ حرارت پر تقریباً ایک ہفتے تک اور درست طریقے سے فریج میں رکھنے پر چھ ہفتوں تک تازہ رہ سکتے ہیں۔ تاہم ان کی تازگی برقرار رہنے کا دورانیہ بڑی حد تک ذخیرہ کرنے کے طریقے اور حالات پر منحصر ہوتا ہے۔
خراب سیب کو پھینک دینا چاہیے کیونکہ پھپھوندی لگے سیب نقصان دہ اور زہریلے مادے پیدا کر سکتے ہیں، جن میں پیٹولن بھی شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ مادہ بیماری کا سبب بن سکتا ہے۔
سپر مارکیٹوں تک پہنچنے سے پہلے سیب کو اکثر کئی ماہ تک مخصوص ماحول میں محفوظ رکھا جاتا ہے، جہاں درجہ حرارت، نمی اور گیسوں کی مقدار کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔ تقسیم کار سیب کو پکنے سے روکنے کے لیے میتھائل سائیکلوپروپین ون (ایم سی پی1) نامی گیس بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
یہ گیس ایتھیلین کو روک کر سیب کے پکنے کے عمل کو سست کر دیتی ہے۔ ایتھیلین ایک قدرتی نباتاتی ہارمون ہے جو پھلوں کو پکانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ذخیرہ گاہ سے نکالے جانے کے بعد سیب دوبارہ پکنے لگتے ہیں۔
درست طریقے سے محفوظ کیے جانے پر سیب فریج میں چھ ہفتوں تک تازہ رہ سکتے ہیں۔ گھر میں سیب کے تازہ رہنے کا انحصار سب سے زیادہ درجہ حرارت پر ہوتا ہے۔ انہیں دھونے یا کاٹنے سے بھی ان کی تازگی برقرار رہنے کا دورانیہ کم ہو سکتا ہے۔
سیب اور ان سے تیار کردہ اشیا کمرے کے درجہ حرارت پر پانچ سے سات دن، پینٹری یا ٹھنڈی الماری میں تین ہفتے، فریج میں چار سے چھ ہفتے جبکہ کٹے ہوئے سیب فریج میں تین سے پانچ دن یا فریزر میں آٹھ ماہ تک محفوظ رہتے ہیں۔
سیب کی چٹنی فریج میں سات سے دس دن یا فریزر میں دو ماہ تک، پکے ہوئے سیب یا ایپل پائی فریج میں تین سے پانچ دن تک قابل استعمال رہتے ہیں۔ سیب کو کسی بھی طریقے سے محفوظ کیا جائے، اگر ان پر پھپھوندی لگ جائے، نرم دھبے نمودار ہوں، ان سے مائع رسنے لگے یا ان کی ساخت بہت زیادہ نرم اور گلی ہوئی ہو جائے تو انہیں پھینک دینا چاہیے۔