ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی ہدایات پر میرپور پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے نوسر بازی کے ذریعے ہتھیائی گئی برٹش کشمیری شہری خالد کی گاڑی برآمد کرکے اصل مالک کے حوالے کر دی۔
اوورسیز کشمیریوں نے ایس ایس پی ضلع میرپور آزاد کشمیر خرم اقبال کے اس اقدام کو سراہا۔ جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے اسے پولیس پر اعتماد مضبوط بنانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔
واضح رہے کہ دو ملزمان نے برٹش کشمیری شہری خالد سے گاڑی کرائے پر حاصل کی اور مبینہ طور پر اسے آگے لاکھوں روپے میں فروخت کر دیا۔ گاڑی واپس نہ ملنے پر متاثرہ شہری نے ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کو درخواست دی جس پر انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو فوری کارروائی اور گاڑی کی برآمدگی کے لیے ہدایات جاری کیں۔
ایس ایس پی میرپور کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ تھوتھال آصف عظیم نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے معاملے کی تفتیش کی اور صرف ایک ہفتے کے اندر گاڑی کا سراغ لگا کر اسے برآمد کر لیا۔ بعد ازاں ایس ایس پی میرپور خرم اقبال نے برآمد شدہ گاڑی اس کے مالک خالد کے حوالے کر دی۔ متاثرہ شہری نے اپنی گاڑی واپس ملنے پر ایس ایس پی میرپور اور پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
برطانیہ سمیت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لیے وطن میں ان کے جان و مال عزت و آبرو کی حفاظت کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروح مل سکے۔
بیرونِ ملک رہنے والے شہری جب پاکستان آتے ہیں تو انہیں یہ توقع ہوتی ہے کہ کسی فراڈ، دھوکہ دہی یا قانونی مسئلے کی صورت میں متعلقہ ادارے ان کی داد رسی کریں گے اور انہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔