ہالی ووڈ اداکار بین ایفلیک نے انکشاف کیا ہے کہ میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ 2 مرتبہ بلاک کیا گیا کیونکہ پلیٹ فارم کو شبہ تھا کہ یہ جعلی اکاؤنٹ ہے۔
بین ایفلیک نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ میرے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر صرف 6 فالوورز تھے، جن میں ان کے بچے اور بچوں کے چند دوست شامل تھے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنانے کا ایک مقصد اپنے بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس دیکھنا بھی تھا۔
اداکار نے سوشل میڈیا سے دور رہنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں لوگوں کی ہر بات اور سرگرمی مستقل ریکارڈ کا حصہ نہیں بنتی تھی لیکن اب سوشل میڈیا کے آنے کے بعد مجھے نجی زندگی کی اہمیت کا زیادہ احساس ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک اداکار کے لیے اپنی نجی زندگی کا کچھ حصہ لوگوں کی نظروں سے دور رکھنا ضروری ہے کیونکہ اس طرح اس کی فلمی شخصیت کا تاثر برقرار رہتا ہے۔
بین ایفلیک نے کہا کہ ڈینیئل ڈے لوئس، میریل اسٹریپ اور ڈینزل واشنگٹن جیسے اداکاروں کی فلمیں دیکھنے سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہ جاننا ضروری نہیں کہ ان تمام اداکاروں نے دوپہر کے کھانے میں کیا کھایا۔
اُنہوں نے اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ ان کی بعض تصاویر اور ویڈیوز انٹرنیٹ پر میمز کی شکل اختیار کر چکی ہیں۔
اداکار نے اپنی سابقہ اہلیہ جینیفر گارنر اور سابقہ پارٹنر جینیفر لوپیز کے سوشل میڈیا سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کی صلاحیت کی تعریف بھی کی اور کہا کہ یہ ایسا کام ہے جو میں نہیں کر سکتا۔