ہالی ووڈ کے معروف اداکار بین ایفلیک نے رواں سال اپنے والدین کی وفات کے بعد پہلی بار کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
بین ایفلیک نے کیری واشنگٹن کی پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے والدین کی وفات کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرے والد ٹموتھی اپریل جب کہ والدہ کرس جون میں چل بسی تھیں، والدین کی موت نے مجھے اپنے بچپن، والدین کی قربانیوں اور اپنی زندگی کو ایک مختلف نظر سے دیکھنے پر مجبور کر دیا۔
اداکار نے خاص طور پر اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ والدہ کی موت کے بعد مجھے ان کے پرانے خطوط ملے، جن سے مجھے یہ احساس ہوا کہ میری والدہ ایک مکمل زندگی، خواب اور عزائم رکھنے والی خاتون تھیں لیکن اُنہوں نے شادی کے بعد اپنی زندگی اپنے بچوں کے لیے وقف کر دی۔
انہوں نے کہا کہ والدہ سرکاری اسکول میں طویل عرصے تک ٹیچر رہیں اور ان کی محنت اور قربانیوں کو میں بچپن میں اس طرح نہیں سمجھ سکا تھا جیسے اب سمجھ رہا ہوں۔
بین ایفلیک نے اپنے والد کے ساتھ پیچیدہ تعلقات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ والدین کی طلاق سے قبل گھر میں کافی کشیدگی رہی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ والد کے ساتھ بعض معاملات حل نہ ہونے کا احساس آج بھی میرے لیے تکلیف دہ ہے۔
اداکار کا کہنا ہے کہ والدین کی وفات نے مجھے یہ احساس دلایا کہ زندگی بہت مختصر ہے اور انسان کو معمولی تنازعات، رنجشوں اور غیر ضروری ناراضی میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ بین ایفلیک کی والدہ کرس این ایفلیک 83 برس کی عمر میں رواں برس جون میں جب کہ ان کے والد ٹموتھی ایفلیک 76 برس کی عمر میں اپریل میں چل بسے تھے۔