بالی ووڈ کے شہنشاہ، سینئر اداکار امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ ایک وقت ایسا تھا جب مجھے کہا گیا کہ کوئی ہیروئن آپ کے ساتھ کام نہیں کرے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر اداکار نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور کی مشکلات یاد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک وقت ایسا تھا جب میرا قد اور ظاہری حلیہ رکاوٹ سمجھا جاتا تھا۔
امیتابھ بچن نے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے سے قبل اپنی آواز، منفرد چہرے کے خد و خال اور غیر معمولی قد کے حوالے سے کئی تحفظات کا سامنا کیا۔
حال ہی میں تجربے کار اداکار نے کوئز شو میں اپنے کیریئر کے ابتدائی برسوں کا واقعہ بیان کیا ہے۔
امیتابھ بچن نے بتایا کہ بعض فلم سازوں کا خیال تھا کہ میرا لمبا قد اور جسم کے مقابلے میں نسبتاً چھوٹا چہرہ میرے لیے مرکزی کردار میں ہیروئن تلاش کرنے میں مشکلات پیدا کر سکتا ہے، مجھے بتایا گیا کہ میرے لُکس کی وجہ سے کوئی ہیروئن میرے ساتھ کام نہیں کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے میں نے بال بڑھائے تاکہ میرا چہرہ زیادہ بھرا بھرا نظر آئے۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن نے 1969ء میں مرنال سین کی فلم بھون شومے میں بطور راوی فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا، جس کے بعد خواجہ احمد عباس کی فلم سات ہندوستانی سے اداکاری کا آغاز کیا۔
یہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں ہوئی اور اس کی پذیرائی بھی فوری طور پر امیتابھ بچن کے کیریئر کو بدلنے میں مؤثر ثابت نہ ہو سکی تھی۔
اداکار نے ہمت نہیں ہاری اور اگلے چند برسوں میں معاون اور نسبتاً چھوٹے کردار ادا کیے، ان کی کئی فلمیں باکس آفس پر ناکام رہیں، تاہم 1971ء کی فلم آنند اور 1972ء کی فلم بمبئی ٹو گوا سے امیتابھ بچن نے شہرت حاصل کی، اس کے بعد 1973ء میں ریلیز ہونے والی فلم زنجیر ان کے کیریئر کا فیصلہ کن موڑ ثابت ہوئی۔