پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ بطور کرکٹر محمد رضوان کے ساتھ کھڑا ہوں۔
جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ اس معاملے میں احتیاط سے گفتگو کرنے کی ضرورت ہے، ہم بطور کرکٹر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بڑے نہیں ہو سکتے۔
یونس خان نے کہا کہ این سی سی آئی اے معتبر ادارہ ہے، رضوان کو چاہیے پراسسس کو فالو کریں، ہم کسی کے وکیل نہیں اور نہ ہی ہمیں اس کیس سے متعلق کچھ معلوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد رضوان کے ساتھ سارا معاملہ ایک آفیشل ٹور پر ہوا ہے، جب تک کیس کا نتیجہ نہیں آ جاتا، بات کرتے وقت احتیاط سے کام لینا چاہیے۔
یونس خان نے کہا کہ ماضی میں مجھے بھی ایسی ہی صورتِحال کا سامنا کرنا پڑا تھا، میرے معاملات 4 ماہ تک چلے تھے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کرکٹرز محمد رضوان اور امام الحق سے متعلق این سی سی آئی اے کی تحقیقات جاری ہیں۔