وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ چنگ چی رکشوں اور لوڈرز کی رجسٹریشن کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔ صوبائی حکومتوں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ غیر رجسٹرڈ رکشوں اور لوڈرز کو ایکسائز رجسٹریشن نہ ہونے کے باعث مشکلات ہیں۔
احد چیمہ کی زیرِ صدارت وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم سے متعلق اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ سمیت متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے شریک ہوئے۔
وزارتِ آئی ٹی اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نے اجلاس کو فیول ریلیف اسکیم پر بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں فیول ریلیف اسکیم کے تحت پانچ ملین سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، فیول ریلیف اسکیم کے ٹوکن کامیابی سے جاری کیے جارہے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ اکثر پیٹرول پمپس پر رجسٹریشن سمیت دیگر مسائل حل ہوچکے ہیں، اس وقت وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں فیول ریلیف اسکیم کامیابی سے جاری ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں نے رکشوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔ صوبائی حکومتوں نے کہا رجسٹریشن مکمل ہونے پر رکشوں کو فیول ریلیف اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔ رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کے مالکان فیول ریلیف اسکیم سے مستفید ہو رہے ہیں۔
احد چیمہ نے کہا کہ عوام کو فیول ریلیف اسکیم سے فائدہ پہنچانے کے لیے رجسٹریشن مسائل فوری حل کیے جائیں، رکشوں اور لوڈرز کے اہل مالکان کو فیول ریلیف سے محروم نہ رکھا جائے۔
احد چیمہ نے کہا رجسٹریشن یا ٹوکن سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے پورٹل جلد فعال کیا جائے، ایکسائز رجسٹریشن اور ٹوکن ادائیگی کے مسائل والے رکشوں اور لوڈرز کو بھی شکایتی نظام میں لیا جائے۔
پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نے کہا کہ صارفین کی شکایات درج کرنے کے لیے پورٹل جلد فعال کرنے کی کوشش کریں گے۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اراکینِ پارلیمنٹ کے اپنےحلقوں کے پیٹرول پمپس کے دورے اور فیول ریلیف اسکیم کا جائزہ خوش آئند ہے۔
انھوں نے کہا کہ اراکینِ پارلیمنٹ کے فیڈبیک کی روشنی میں سسٹم کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اسکیم سے متعلق ریئل ٹائم ڈیٹا اپ ڈیٹ رکھا جائے گا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیٹرول پمپس کو زیادہ تر ادائیگیاں ہوچکی ہیں۔ اس موقع پر اسٹیٹ بینک حکام نے کہا کہ زیرِ التوا ادائیگیوں کے مسائل ایک دو روز میں حل ہوجائیں گے۔
احد چیمہ نے کہا کہ پیٹرول پمپس کی ادائیگیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ فیول ریلیف اسکیم کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، اسکیم سے متعلق عوامی آگاہی مہم اور زمینی سطح پر آگاہی کے اقدامات جاری ہیں۔
انھوں نے کہا کہ فیول ریلیف اسکیم سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔
احد چیمہ نے کہا کہ صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان ہے۔