پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکیٹ کیپر و بیٹر محمد رضوان نے ابرار احمد کے ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون بولر بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں محمد رضوان نے کہا کہ مجھے آج بھی وہ دن یاد ہے جب ابرار احمد دنیا کے نمبر ون بولر بننے کی بات کرتے تھے، جب وہ مجھ سے بات کرتے تھے تب وہ اس کے قریب بھی نہیں تھے۔
محمد رضوان نے کہا کہ آج وہ باضابطہ دنیا کے نمبر ون ٹی20 بولر ہیں، میں نے ان کی محنت اور اس سفر کے پیچھے ان کا یقین دیکھا ہے، ابرار احمد نے کبھی محنت نہیں چھوڑی، ابرار احمد مجھے آپ پر فخر ہے، آپ نے ایک خواب دیکھا اس کے لیے کام کیا اور وہ کمایا، الحمد اللہ۔
خیال رہے کہ پاکستان کے ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نمبر ون بولر بن گئے، انہوں نے افغانستان کے راشد خان سے پہلی پوزیشن چھینی ہے۔
پاکستان کے ابرار احمد پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں نمبر ون بنے ہیں۔
ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی بولنگ میں نمبر ون بننے والے پانچویں پاکستانی بولر ہیں جبکہ عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بولر رہ چکے ہیں۔