بھارتی اداکارہ شروتی ہاسن نے 40 سال کی عمر میں قدم رکھنے کے بعد شادی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے شادی کے بعد اپنی خود مختاری کھونے کا خوف ہے۔
شروتی ہاسن نے سوہا علی خان کے یوٹیوب چینل پر نشر ہونے والے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شادی کے قانونی بندھن کے ساتھ اپنی شناخت جوڑنے سے متعلق ہچکچاہٹ کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ نے کہا ہے کہ میں کچھ معاملات میں بہت روایتی جبکہ بعض دیگر معاملات میں اپنے اندازِ فکر کے حوالے سے قدامت پسند ہوں، لیکن ان خیالات کے پیچھے کسی کا دباؤ نہیں بلکہ میری اپنی سوچ ہے۔
شروتی ہاسن کے مطابق شادی کے لیے کاغذی کارروائی، بھاری اخراجات اور دکھاوے کا تصور مجھے پریشان کرتا ہے، میں اس بات کو پسند کرتی ہوں کہ میں اور میرا ساتھی کسی کاغذی دستاویز کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی مرضی سے ہر روز ایک دوسرے کا انتخاب کریں۔
اداکارہ نے کہا ہے کہ میں ماضی میں شادی کے قریب بھی پہنچ چکی تھی اور اس وقت مجھے شادی اتنی خوفناک نہیں لگی تھی، تاہم شادی پر ہونے والے بھاری اخراجات مجھے اب بھی پریشان کرتے ہیں۔
انہوں نے مذاقاً کہا ہے کہ اتنی رقم خرچ کرنے کے بجائے اسے خیرات میں دے دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ شروتی ہاسن ماضی میں فنکار سنتانو ہزاریکا کے ساتھ تعلقات میں تھیں، تاہم دونوں نے ذاتی اختلافات کے باعث 2024ء میں 4 سالہ تعلق ختم کر لیا تھا۔