معروف بھارتی اداکارہ اور ہدایت کار رتنا پاٹھک شاہ نے پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے ان کی ذہانت، خود اعتمادی اور سادہ مزاجی کی تعریف کی ہے۔
رتنا پاٹھک شاہ نے فلم ’خوبصورت‘ اور ’کپور اینڈ سنز‘ میں فواد خان کی آن اسکرین والدہ کا کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے فواد خان کو ذہین اور پُراعتماد شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی شخصیت اور صلاحیتوں سے باخوبی واقف تھے۔
اداکارہ کے مطابق فواد خان بھارت آنے سے قبل ہی پاکستان میں ایک بڑے اسٹار کی حیثیت حاصل کر چکے تھے، تاہم بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے باوجود انہوں نے اپنی شہرت کو غیر ضروری طور پر ساتھ نہیں رکھا اور ایک حقیقی ٹیم پلیئر کی طرح کام کیا۔
رتنا پاٹھک شاہ نے دونوں فلموں میں فواد خان کے ساتھ اپنی قربت کو بھی یاد کیا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ فواد خان مجھے محبت سے اپنی ’مستقل فلمی ماں‘ کہا کرتے تھے۔
فواد خان نے 2014ء میں فلم ’خوبصورت‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا اور بھارتی ناظرین میں بھی تیزی سے مقبول ہوئے، بعد ازاں انہوں نے ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں بھی کام کیا۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستانی فنکاروں کے لیے بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنے پر پابندیاں عائد ہونے کے بعد فواد خان کا بالی ووڈ کا سفر بھی محدود ہو گیا۔
رتنا پاٹھک شاہ نے اس وقت پاکستانی فنکاروں پر پابندیوں پر تنقید کرتے ہوئے اسے ایک مسئلہ قرار دیا تھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسا مسئلہ نہیں جس کا حل ممکن نہ ہو۔
انہوں نے فنکاروں کی سرحد پار شمولیت محدود کرنے کو محدود سوچ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ فن لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے اور مختلف کہانیاں جاننے میں مدد دے سکتا ہے۔
فواد خان کی فلم ’عبیر گلال‘ کے ذریعے بھارتی فلم میں واپسی بھی مسلسل سیاسی کشیدگی کے باعث تنازع کا شکار رہی ہے۔