پاکستان کی تمام 27 سیمنٹ فیکٹریوں میں ڈیجیٹل آئی سسٹم فعال ہوگیا، یہ سسٹم ایف بی آر کو پیداوار کا آزادانہ ریکارڈ فراہم کرتا ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق برطانوی تعاون سے ڈیجیٹل آئی سسٹم لگایا گیا ہے، ڈیجیٹل آئی اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے پیداوار کا ریکارڈ کراس چیک کیا جاسکے گا۔
اعلامیہ کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سیمنٹ فیکٹری کا دورہ کیا اس موقع پر ایف بی آر حکام بھی موجود تھے۔
اعلامیہ کے مطابق ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ڈیجیٹل آئی پاکستان اور برطانیہ کے عملی تعاون اور جدت کی مضبوط مثال ہے، ڈیجیٹل آئی ٹیکس نظام میں شفافیت، تعمیل اور منصفانہ مسابقت مضبوط کرے گا۔

برطانوی ہائی کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق ڈیجیٹل آئی پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنی نے بنایا، برطانوی تکنیکی معاونت سے ملک گیر نظام بنا، اب یہ ڈیجیٹل آئی سسٹم سیمنٹ کے ساتھ شوگر سیکٹر تک بھی توسیع پاچکا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اے آئی نظام چلانے اور مزید ترقی دینے کیلئے ایف بی آر کی استعداد بھی بڑھائی گئی۔
حکومت پاکستان کے مطابق سیمنٹ سیکٹر سے 32 ارب روپے کی وصولی میں ٹیکس اصلاحات کا کردار ہے، حالیہ کرشنگ سیزن میں ریکارڈ شدہ چینی کی پیداوار میں 31 فیصد اضافہ ہوا۔
برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ڈیجیٹل آئی ٹیکس اصلاحات اور تعمیل کے اقدامات کا ایک حصہ ہے۔