بھارتی ریاست گجرات میں ایک شخص نے اپنی 5 سالہ بیٹی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو فریج میں رکھ دیا اور خودکشی کر لی۔
پولیس کے مطابق کشور دھنک نامی شحص نے اپنے گھر میں مبینہ طور پر اپنی بیٹی ہیمانشی کا گلا گھونٹ کر اسے قتل کیا، اس کی لاش کو فریج میں رکھا اور پھر خود کو پھانسی لگا لی۔
پولیس کو ان اموات کا علم اس وقت ہوا جب دھنک کی اہلیہ منجو بین کا فون پر ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔ وہ 14 ستمبر سے اپنے والد کے گھر گئی ہوئی تھی۔
منجو بین نے اپنے بھائی کو گھر جا کر دیکھنے کے لیے بھیجا۔ جب گھر سے کوئی جواب نہ ملا تو دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے پر دھنک کی لاش چھت کے پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔
ایف آئی آر کے مطابق دھنک نے بستر پر خودکشی کے تین نوٹ چھوڑے تھے۔
ایف آئی آر میں ان کی اہلیہ نے بتایا کہ ایک نوٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ انہوں نے قرضہ لے کر رقم تعمیراتی کام میں لگائی تھی۔ اپنے کاروباری دوستوں سے 7.25 لاکھ روپے وصول کرنے تھے لیکن رقم نہیں ملی۔
اب ان کے پاس پیسے ختم ہو چکے تھے اور کوئی حل نظر نہیں آ رہا تھا، اس لیے وہ اپنی بیٹی کے ساتھ خودکشی کر رہے ہیں۔
دوسرے نوٹ میں دھنک نے لکھا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کو اس لیے قتل کیا تاکہ ان کی موت کے بعد اسے دُکھ نہ جھیلنا پڑے۔ تیسرے نوٹ میں انہوں نے معافی مانگی اور بتایا کہ انہوں نے بچی کی لاش فریج کے اندر رکھی ہے۔
پولیس کے مطابق کمرے کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ دھنک نے ظاہری طور پر اپنی بیٹی کی سالگرہ آخری بار منانے کا اہتمام کیا تھا۔ کمرے کو غباروں اور موم بتیوں سے سجایا گیا تھا۔ دھنک نے ہیمانشی کو سفید کپڑے پہنائے تھے، اس کے سر پر دوپٹہ تھا اور فریج کے اندر تکیے بھی رکھے ہوئے تھے۔