مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کو درپیش مسائل کے خلاف سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ شروع ہوگیا۔
مظاہرے میں شرکت کے لیے فرانس کے دارالحکومت پیرس سے انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے صدر زاہد اقبال ہاشمی کی قیادت میں کشمیری اور پاکستانی برادری کا ایک بڑا قافلہ جنیوا پہنچا۔
پیرس سے روانہ ہونے والے قافلے میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں سمیت کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہے۔
شرکاء خصوصی بسوں کے ذریعے جنیوا پہنچے، جہاں انہوں نے ہاتھوں میں کشمیر سے متعلق پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے ہیں۔
مظاہرے کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے معاملے کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔
منتظمین کے مطابق احتجاج کے ذریعے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے صدر زاہد اقبال ہاشمی کی قیادت میں پیرس سے آنے والے قافلے کے شرکاء نے کشمیر کے حوالے سے اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور آواز بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
فورم کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جنیوا میں ہونے والا احتجاج عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ اجاگر کرنے اور عالمی اداروں کو ان کی ذمے داریوں کی جانب متوجہ کرنے کی کوشش ہے۔
مظاہرے کے منتظمین کے مطابق احتجاج میں یورپ کے مختلف ممالک سے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد بھی شریک ہیں۔
مظاہرین اقوام متحدہ کے جنیوا دفتر کے سامنے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لینے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔