نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ موسیقی سننے سے لوگوں کو ذہنی دباؤ سے نکلنے میں مدد مل سکتی ہے۔
موسیقی محض ذہنی دباؤ کا شکار افراد میں دباؤ پیدا کرنے والی صورتِ حال سے توجہ ہٹانے کے بجائے دماغ کے تناؤ سے نمٹنے کے نظام پر اثر انداز ہوتی ہے۔
چینی اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹی ٹیوٹ آف سائیکالوجی کے محققین نے 120 صحت مند نوجوانوں پر 2 تجربات کیے، جن کا مقصد یہ جاننا تھا کہ موسیقی ذہنی دباؤ اور دماغ پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہے۔
یہ تحقیق سائنسی جریدے پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع ہوئی ہے۔
سائنس دان طویل عرصے سے اس بات سے واقف ہیں کہ موسیقی پُرسکون اثرات مرتب کر سکتی ہے، تاہم یہ واضح نہیں تھا کہ اس کے فوائد دیگر پُرسکون آوازوں سے کس حد تک مختلف ہیں اور ذہنی دباؤ کے پورے دورانیے میں اس کے اثرات کس مرحلے پر زیادہ نمایاں ہوتے ہیں۔
پہلے تجربے میں شرکاء نے یا تو پُرسکون موسیقی سنی یا پانی کے بہاؤ کی مدھم قدرتی آوازیں سنیں، یہ آوازیں ایک مشکل ذہنی حساب کے کام سے پہلے یا اس کے بعد سنوائی گئیں، جس کا مقصد شرکاء میں ذہنی دباؤ پیدا کرنا تھا۔
محققین کے مطابق کام شروع کرنے سے پہلے موسیقی سننے سے شرکاء کے ابتدائی ذہنی دباؤ کی سطح میں نمایاں کمی نہیں آئی، تاہم دباؤ پیدا کرنے والے کام کے بعد بحالی کے مرحلے کے دوران موسیقی کا اثر زیادہ نمایاں نظر آیا۔
موسیقی سننے والے شرکاء نے اپنے مزاج میں زیادہ بہتری کی اطلاع دی، جبکہ ذہنی دباؤ سے وابستہ کئی جسمانی اشاریے بھی نسبتاً تیزی سے معمول کی سطح پر واپس آ گئے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔