ایک نئی تحقیق کے مطابق روزانہ ہول گرین بریڈ کے دو سلائس آپ کی کمر کا سائز کم کرنے، کولیسٹرول کی سطح گھٹانے اور ایسی پیچیدگیوں کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں جو دل کے دورے کا سبب بن سکتی ہیں۔
سائنس دانوں کے مطابق روزانہ تقریباً دو بڑے سلائس کے برابر ہول گرین (ثابت اناج) روٹی کھانے کا تعلق دل کی صحت کے حوالے سے کئی فوائد سے منسلک ہے، جن میں وزن میں کمی بھی شامل ہے۔
سائنس دانوں نے یہ نتائج اس وقت حاصل کیے جب انہوں نے ہول گرین غذاؤں اور قلبی صحت کے درمیان تعلق پر ہونے والی تمام دستیاب تحقیقات کا تجزیہ کیا، جن میں 87 کلینیکل ٹرائلز بھی شامل تھے۔
ثابت اناج سے مراد ایسی غذائیں ہیں جن میں اناج کے تمام حصے شامل ہوتے ہیں، جبکہ عام طور پر پروسیسنگ کے دوران اناج کے کچھ حصے نکال دیے جاتے ہیں۔ ثابت اناج کی روٹی کے علاوہ دلیہ، ہول ویٹ پاستا اور براؤن رائس بھی اس میں شام ہیں، جو عام پاستا اور سفید چاول کے مقابلے میں زیادہ صحت بخش متبادل سمجھے جاتے ہیں۔
سائنسدانوں کے مطابق روزانہ صرف 48 گرام ہول گرین، جو تقریباً دو بڑے سلائس (براؤن بریڈ) یا ایک پیالے دلیے کے برابر ہے، دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔ تاہم، سب سے نمایاں بہتری اس وقت دیکھی گئی جب روزانہ استعمال 60 سے 100 گرام تک بڑھایا گیا، جو چار بڑے سلائس کے برابر ہے۔
یورپین ہارٹ جرنل میں شائع اس تحقیق کے مطابق اس مقدار کے استعمال سے ہائی بلڈ پریشر، خراب کولیسٹرول (ایل ڈی ایل) اور خون میں موجود نقصان دہ چکنائیوں میں سب سے زیادہ کمی دیکھی گئی۔
ثابت اناج پر مبنی غذاؤں کا تعلق طویل عرصے سے ٹائپ 2 ذیابیطس جیسی بیماریوں سے تحفظ کے ساتھ بھی جوڑا جاتا رہا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ سفید روٹی جیسی غذاؤں کے مقابلے میں ہول گرین کو کم پروسیس کیا جاتا ہے۔
اس کے نتیجے میں ان میں فائبر، بی وٹامنز، آئرن، زنک، میگنیشیم، صحت بخش غیر سیر شدہ چکنائیاں اور پودوں میں پائے جانے والے مفید مرکبات (فائٹونیوٹرینٹس) برقرار رہتے ہیں۔
اس تحقیق کی سربراہ اور ایران کی تبریز یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز میں غذائی علوم کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ہیلدا توتونچی نے کہا دل اور خون کی شریانوں کی صحت میں نمایاں بہتری لانے کے لیے لوگوں کو روزانہ کتنی مقدار میں ہول گرین غذائیں استعمال کرنی چاہئیں؟
اس سوال کا جواب تلاش کرنے کے لیے تحقیقاتی ٹیم نے ایشیا، یورپ، امریکا، کینیڈا اور برازیل سے تعلق رکھنے والے 6,500 سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جس سے پتہ چلا روزانہ صرف 48 گرام ثابت اناج کا استعمال اوسطاً تقریباً 0.2 کلوگرام یعنی تقریباً آدھا پاؤنڈ وزن کم ہونے سے منسلک تھا۔