لندن: آکسفورڈ شائر کے گاؤں پڈنگٹن کے رہائشیوں نے ایک علامتی ریفرنڈم میں برطانیہ سے آزادی کے حق میں فیصلہ دے دیا۔
یہ ریفرنڈم گاؤں کے قریب بسٹر میں واقع ایک سابق فوجی اڈے پر ہوم آفس کی جانب سے 1200 سے زائد پناہ کے متلاشی مردوں کو رہائش فراہم کرنے کے منصوبے کے خلاف منعقد کیا گیا تھا۔
گاؤں کے تقریباً 350 رہائشیوں کو ولیج ہال کے باہر قائم بیلٹ باکس میں ووٹ ڈالنے کی دعوت دی گئی تھی، مقامی پیرش کونسل کے زیرِ اہتمام ہونے والے اس ریفرنڈم میں مجموعی طور پر 312 ووٹ ڈالے گئے۔
نتائج کے مطابق 285 افراد نے برطانیہ سے علیحدگی کے حق میں جبکہ 26 افراد نے اس کی مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ ایک ووٹ ضائع قرار دیا گیا۔
کونسل کے چیئر میکنیلی نے کہا کہ یہ جمہوریت کے عملی مظاہرے کی ایک مثال ہے۔
مقامی رکنِ پارلیمنٹ کولن ملر کے مطابق حکومتی منصوبے پر عوامی مشاورت 17 ستمبر کی نصف شب تک جاری رہے گی۔
ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ حکومت پناہ کے متلاشی افراد کے لیے قائم ہر ہوٹل کو بند کر رہی ہے۔
ترجمان ہوم آفس کے مطابق انتخابات کے بعد حکومت نے ٹیکس دہندگان کے ایک بلین پاؤنڈ سے زائد کی رقم بچائی ہے۔