کینیڈا یورپی یونین کا یورپ سے باہر پہلا ایسوسی ایٹ ممبر ہوگا۔ اس بات کا عندیہ یورپی کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے آج اپنے اسٹیٹ آف دی یونین 2026 خطاب میں دیا۔
یورپی پارلیمنٹ میں موجود کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو ممکنہ حد تک اعلیٰ ترین سطح پر لے جانا چاہتے ہیں۔
ارسلا واندرلین نے کہا میں اس سلسلے میں آپ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہوں کہ کینیڈا کے لیے یورپی یونین کا پہلا ایسوسی ایٹ ممبر بننے کی راہ ہموار کی جا سکے۔
قبل ازیں اپنے اسی خطاب میں انہوں نے یورپین یونین کی جانب سے دوسرے ممالک کے ساتھ ملکر تحفظ کیلئے اپنی سیکیورٹی کونسل بنانے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نےکہا کہ یورپ کو ہائبرڈ حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔
ارسلا واندرلین نے کہا ایک ایسا ہنگامی سیکیورٹی پروٹوکول، جس میں جب کسی ایک رکن ملک کی جانب سے اسے فعال کیا جائے گا، تو تمام رکن ممالک ایک مشترکہ یورپی ردعمل کے لیے باہمی رابطہ کاری کریں گے۔
یورپی کمیشن کی صدر نے کہا اس عمل میں یوکرین، برطانیہ، ناروے، کینیڈا اور دیگر شراکت دار بھی شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ یورپین کمیشن کی صدر ہر سال یورپی پارلیمنٹ میں آکر کمیشن کی جانب سے گزرے سال کے منصوبوں پر پیش رفت اور نئے سال کیلئے ترجیحات کا اعلان کرتی ہیں۔