پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بدترین ناکامی کے بعد صوبہ کارڈ کھیل رہی ہے۔ ایم کیو ایم نے جب بھی عوامی حمایت کھوئی ہے اس نے تقسیم اور نئے صوبے کا شوشہ چھوڑا۔
خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے قادر پٹیل نے کہا کہ مصطفیٰ کمال ماضی میں خود خالد مقبول صدیقی کو را کا ایجنٹ قرار دے چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خالد مقبول صدیقی وضاحت کریں کہ مصطفیٰ کمال اس وقت جھوٹ بول رہے تھے یا آج سچ بول رہے ہیں؟
قادر پٹیل نے مزید کہا کہ عوام کو نئے صوبوں کا لولی پوپ دینے سے پہلے بتائیں کہ بوری بند نعشیں کس کا کلچر ہے۔ بھتے کی لالچ میں کراچی کی صنعتیں کس نے برباد کیں۔
قادر پٹیل نے کہا کہ ایم کیو ایم مگر مچھ کے آنسو بہانہ بند کرے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کو تقسیم کرنے کی ہر کوشش کے خلاف جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی جتنی بار صوبے کا کارڈ کھیلیں گے، عوام اتنی ہی بار ان سے حساب مانگیں گے۔