انگلش ٹیم کے کپتان اور اسٹار بیٹر جو روٹ نے بھارت کے لیجنڈری بیٹر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔
پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں جو روٹ نے 62 رنز کی باری کھیلی اور ٹنڈولکر کا طویل دورانیے کی کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔
جو روٹ کی ٹیسٹ کرکٹ میں 69ویں نصف سنچری تھی، جس کے ساتھ ہی وہ 68 نصف سنچریاں بنانے والے ٹنڈولکر سے آگے نکل گئے۔
انگلش ٹیم کے کپتان ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔
جو روٹ نے یہ کارنامہ 309 اننگز میں انجام دیا، ٹنڈولکر نے 329 اننگز میں 68 نصف سنچریاں بنائی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز سے شیونارائن چندرپال 66 نصف سنچریوں کےساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
اس لسٹ میں سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بارڈر اور بھارت کے راہول ڈریوڈ 63، 63 نصف سنچریوں کےساتھ چوتھے جبکہ رکی پونٹنگ 62 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔
ٹیسٹ میں کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ تاحال ٹنڈولکر کے پاس ہے، اُن کی 51 سنچریاں ہیں جبکہ جو روٹ اب اُن سے 10 سنچریوں کی دوری پر ہیں۔
اس لسٹ میں دوسرے نمبر جنوبی افریقا کے جیک کیلس ہیں 45 بار سنچری اسکور کی جبکہ تیسرے نمبر پر جوروٹ اور رکی پونٹنگ ہیں جنہوں نے مشترکہ طور پر 41،41 سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں۔
جو روٹ اس کے ساتھ ہی ٹنڈولکر ایک اور بڑا ریکارڈ توڑنے کی دوڑ میں آگے آگئے ہیں، بھارتی لیجنڈری بیٹر نے ٹیسٹ کرکٹ میں 15 ہزار 921 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ 35 سالہ جوروٹ 14 ہزار 278 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔